ملک میں آج کورونا سے مزید 6 اموات، مجموعی ہلاکتیں 144 اور کیسز 7717 ہو گئے

Coronavirus in Pakistan

Coronavirus in Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 6 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 144 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7717 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 144 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ 50 ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 48 ، پنجاب 37 ، بلوچستان 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ ملک میں کورونا کے مزید 313 کیسز رپورٹ ہوئے اور 6 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں۔

آج اب تک خیبرپختونخوا سے 84 کیسز 5 ہلاکتیں، سندھ 138 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب 74 کیسز، بلوچستان 8 کیسز اور اسلام آباد سے مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ
سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 138 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2355 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 48 ہوگئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 11 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 592 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا
کے پی سے آج کورونا کے اب تک مزید 84 کیسز سامنے آئے ہیں اور 5 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔

صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 1077 ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے انتقال کرنے والوں میں 3 افراد کا تعلق پشاور اور 2 کا مانسہرہ سے ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے اب تک 216 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب
پنجاب میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 74 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 3465 ہوگئی جب کہ 37 افراد اب تک کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 701 زائرین، 1353 تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1265عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 684 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان
صوبے میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 8 کیسز کی تصدیق کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 359 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک مقامی طور پر 214 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 145 ایران سے آئے ہیں۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 142 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 163ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں جمعہ کو کورونا کے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 250 ہو گئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک 192 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 55 رہ گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں جمعہ کو 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

میر پور آزاد کشمیر کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جمعے کو 2 خواتین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور دونوں متاثرہ خواتین برطانیہ سے ڈڈیال آئی تھیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

رمضان میں مساجد میں عبادات کیلیے 20 نکات پر اتفاق
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے سے رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر کا لائحہ عمل طے ہوگیا ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع
حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کورونا کے باعث سندھ اور پنجاب میں رمضان بازار نہیں لگیں گے
کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب اور سندھ میں صوبائی حکومتوں نے رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کیلیے ماسک لازمی
کمشنر کراچی نے شہر میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیےماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

جب کہ کمشنر نے شہر میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک بیکریاں اور تندور کھولنے کی بھی اجازت دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

بیرون ملک سے کراچی آنیوالے ہر شہری کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت
کراچی: صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بیرون ملکوں سے آنے والے ہر پاکستانی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ ۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع
سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔