ملک بھر میں آج یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

Youm e Azadi

Youm e Azadi

اسلام آباد (جیوڈیسک) قوم آج 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منا رہی ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہائوس کی بجائے کنونشن سینٹر میں ہوگی، وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق تقریب کا مقام بارش کی وجہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کریں گے بعد میں صدر قوم سے خطاب کریں گے، چیئرمین سینٹ، اسپیکر قومی اسمبلی،وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہ، اراکین پارلیمان، سفارتی نمائندے اورسینئر حکام تقریب میں شریک ہوں گے۔

چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ یوم آزادی کی قومی تقریبات میں شرکت کے لئے خاص طورپر اسلام آباد پہنچے ہیں، اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے بچے ملی نغمے پیش کریں گے، تقریب کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور داخلہ کارڈز کے ذریعے ہوگا۔

یوم آزادی کے موقع پر شاہراہ دستور پر واقع ایوان صدر، پارلیمنٹ ہائوس، سپریم کورٹ، وزیراعظم آفس ،پاک سیکرٹریٹ اور دیگر عمارتوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کو بھی کھول دیاگیا ہے‎۔

قبل ازیں پرچم کشائی کی تقریب 17 سال بعد پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں منعقد کرنے کی چیئرمین سینٹ کی تجویز سےوزیراعظم نے اتفاق کیا تھااس سلسلےمیں انتظامات بھی کرلئے گئے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے یہ تقریب حسب سابق کنونشن سینٹر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور ترک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے بھی وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ایئرشو میں حصہ لیں گے۔

تینوں فضائیہ کے طیارے فضا میں بل کھاتے اور مختلف فارمیشنز بنا کر رنگوں کی صورت کرتب دکھا کر شہریوں کو محفوظ کریں گے،ائر شو آج دوپہر ایک بجے ایف نائن پارک میں ہوگا۔

اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف(آپریشن) ایئر کموڈور احسن رفیق نے اس بڑے ایئر شو کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور ترکی اور سعودی عرب کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے یوم آزادی کے موقع پر ان ٹیموں کا پاکستان اورپاکستانی عوام سے محبت اور گہرے رشتوں کا مظہر ہے۔

پرچم کشائی کی تقاریب کے ساتھ ساتھ ریلیاں،سیمینار جلسے جلوس نکالے جائیں گے۔ 14اگست کو صبح8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے جائیں گے جس کےبعد ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کرنے کے بعد ٹھیک 9 بجے پرحم کشائی کی تقاریب ہوںگی۔

راولپنڈی میں پرچم کشائی کی سرکاری تقریب آج کمشنر ہائوس، ڈپٹی کمشنر ہائوس، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر ہونگی۔14اگست یوم پاکستان منانے کی تقریبات آج اپنے عروج پر ہیں۔

بازاروں میں سبز ہلالی پرچم کی بھرمار نظر آرہی ہے۔اور جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم ،بیج،جھنڈیوںاور دیگر مختلف اشیا کی فروحت کے اسٹال لگے ہوئے ہیں۔جبکہ سرکاری ونجی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈی سی او آفسز پر لائٹس لگا دی گئیں ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر راولپنڈی کی سٹرکوں پر بینرز آویزاں ہیں جن پر قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال ، فاطمہ جناح، سرسید احمد خان، چوہدری رحمت علی اور دیگر قائدین کی تصاویرپرنٹ ہیں۔ جبکہ 4اگست سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر اور ان کے ارشادات پر مبنی بل بورڈ بھی شہر کی اہم شاہراہوں پر نصب کئے گئے ہیں۔جبکہ عوام میں بھی جوش و خروش دیدنی تھا۔

گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے علاوہ گھروں کی چھتوںپر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔جشن آذادی کے سلسلے میں دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود اتوار کی رات نہ صرف شہر میں جلسے ہوئے بلکہ منچلے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں میں شاہرائوں پر کرتب دکھاتے نظر آئے۔جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی۔

راولپنڈی ڈویژن میں یوم آذادی پاکستان کے سلسلے میں سرکاری سطح پر 207مختلف تقریبات ہورہی ہیں۔جس میں 14اگست کو تحصیل سطح سے کر ڈویژن تک پرچم کشائی کی 23تقریبات بھی شامل ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں ہونے والی تقریبات میں پرچم کشائی کے علاوہ27سیمینارز اور دیگر پروگرام،63نعت خوانی،تقریری،اور ملی نغموں کے پروگرامات،8ریلیاں اور واک ،6مشاعرےا ور76سپورٹس کے مختلف ایونٹس ہورہے ہیں۔راولپنڈی ضلع میں 50،ضلع اٹک میں71،ضلع جہلم میں63اور ضلع چکوال میں25پروگرام ہو رہے ہیں۔