اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہے۔ میدانی علاقوں میں بھی دن کے وقت گرمی کم ہوتی جارہی ہے اور رات میں درجہ حرارت گر جاتا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہنزہ نگر، دیامر، استور اور غذر میں بلا کی سردی ہے۔ خشک اورسرد موسم کی وجہ سے مختلف بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔
مالاکنڈ ڈویڑن، ہزارہ ڈویڑن اور لوئر دیر بھی سرد ہواوں کی لپیٹ میں ہیں۔ اسکردو، چترال، مالم جبہ اور مری میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان میں قلات، زیارت،پشین اور ڑوب سمیت صوبے کے بالائی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد ہے۔
خیبر پختون خوا ، سندھ اور پنجاب میں خنکی بڑھتی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔