اسلام آباد(جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید سرد موسم میں جلانے کی لکڑی اور گیس سیلنڈرکی قیمتیں بڑھ جانے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ گلگت بلتستان میں ضلع استور ، غذر ، دیامر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بار ش اور پہاڑوں پر برف باری تین دن سے جاری ہے۔
جس سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ سردی بڑھتے ہی لکڑی فروخت کرنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں سردی کی شدت بڑھتی جارہی ہے۔ پنجاب اور بلوچستان کے علاقے بھی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں ، جس کی وجہ سے گرم کپڑوں اور سوئٹر زفروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ سندھ کے شہروں میں بھی آہستہ آہستہ سردی بڑھتی جارہی ہے۔