اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں یخ بستہ ہوائیں چلنے میں کمی ہونے لگی ہے۔
پنجاب میں بیشتر شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں دھند کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہوگیا ہے جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔
سندھ میں سکھر، حیدر آباد، بدین اور دیگر شہروں میں آہستہ آہستہ سردی کم ہورہی ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں سردی اب بھی ہے۔ ادھر، گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں ،جس سے اب بھی سردی زوروں پرہے۔