اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہورہی ہے، بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے پہاڑوں پر چند روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری علاقوں میں صبح سے ہی موسلادھار بارش ہورہی ہے، جس سے موسم شدید سرد ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئیں۔
دیامر میں بابوسر ٹاپ، بٹوگا ٹاپ اور نیاٹ ویلی برف سے ڈھکی نظر آرہی ہیں۔ فیصل آباد میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد گرمی کا زور کم ہواہے۔ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور نوابشاہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔