ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری

Snowfall

Snowfall

کراچی (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج گلگت بلتستان، کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور قبائلی علاقوں کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

چترال میں سب ڈویژن مستوج اور گرم چشمہ میں برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا، جس کے بعد سرد ی بڑھ گئی ہے۔ دیامر کے پہاڑی علاقوں بابو سر، نانگا پربت، نیاٹ ویلی اور داریل تانگی میں برفباری کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے بالائی پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم ابر آلود ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی سردی بڑھتی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ کشمیر، مالاکنڈ ہزارہ ڈویژن اور گلگت، بلتستان اور قبائلی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔