کراچی (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا تاہم چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اندرون سندھ گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
ملک کے بالائی علاقے ایک بار پھر بادلوں کے نرغے میں ہیں، بالائی فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چھائے بادلوں کے تیور بتا رہے ہیں کہ گرج چمک کے ساتھ برس سکتے ہیں، ادھر جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر گزرتے پل کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
باغوں کے شہر لاہور میں بھی موسم گرم اور خشک ہے ۔ گرمی کی حدت برقرار رہے گی تاہم موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ ، لاہور ، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ادھر کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اندرون سندھ گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بادل جزوی طور پر چھائے رہیں گے۔