لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، بالائی سندھ اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔
ملک کے بیشتر حصوں میں سورج آنکھیں دکھانے لگا ، راولپنڈی ، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم ہے ۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی یہی صورتحال برقرار رہے گی ۔ لاہور میں بھی گرمی کی شدت بتدریج بڑھنے لگی ، ملتان شہر اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ کراچی میں سمندری ہوا چلنے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان نہیں ، کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ برقرار ہے۔
گزشتہ روز سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بھی بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں مہینے کے دوسرے اور تیسرے ہفتے کے دوران موسمی حالات غیر یقینی رہنے کی توقع ہے ۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، بالائی سندھ اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔