اسلام آباد (جیوڈیسک)ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ مری میں سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے۔مری میں برفباری تو نہیں ہے تاہم جگہ جگہ برف کے ڈھیر موجود ہیں،برف دیکھنے اور خوبصورت سرد موسم کے مزے لینے کیلیے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔
مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے پہاڑوں پر جمی برف کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔زیارت میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث سیاحوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں اب تک برف نہیں ہٹائی جاسکی جس کی وجہ سے متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ملتان ،مظفر گڑھ اور گردونواح میں دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔