ملک بھر میں موسم سرد اور خشک، برفباری کا سلسلہ تھم

Dry Weather

Dry Weather

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے اور بند راستوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔ پنجاب کے کچھ علاقے ایک بار پھر دھند کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا سلسلہ دوتین دن جاری رہے گا۔

مالاکنڈ ڈویژن میں 5 روز کی بارش اور برفباری کے بعد موسم صاف ہو گیا ہے۔ چترال میں برفباری تھمنے کے بعد لواری ٹنل کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

ہزارہ ڈویژن میں بھی برفباری رک گئی ہے اور بند ہونے والے راستوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔ گلگت بلتستان میں غذر، استور اور ہنزہ نگر سمیت مختلف علاقوں میں برفباری رکنے کے بعد لوگ گھروں کی چھتوں اور راستوں سے برف ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔

شدید سردی کی وجہ سے جلانے کی لکڑی اور ایندھن مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ کرم ایجنسی اورکزئی ایجنسی سمیت قبائلی علاقوں میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ ڈویڑن میں برفباری کا امکان ہے۔