لاہور (جیوڈیسک) سکردو، مظفر آباد سمیت پہاڑی علاقوں میں مختلف مقامات پر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ چترال میں برفباری سے لواری ٹاپ اور شندور پاس کے راستے بند ہو گئے۔ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پورے ملک میں موسم سرما کی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے راستے داخل ہونے والی مغربی ہواؤں نے ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چترال میں برفباری کے باعث لواری ٹاپ اور شندور پاس کے راستے تین روز سے بند ہیں۔ لواری ٹنل بند ہونے سے سیکڑوں مسافر محصور ہو گئے۔ ادھر چترال میں برفباری کے باعث علاقے میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ موسم خراب ہونے کے باعث تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
سکردو اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ آزادکشمیر کے بالائی علاقوں وادی نیلم اور وادی لیپہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔ موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی لوگوں نے گرم کپڑے بھی نکال لئے۔ مظفر گڑھ کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، شجاع آباد ،شاہ جمال اور بہاولنگر میں بھی بارش کے بعد موسم میں خنکی آ گئی۔ فیصل آباد میں بارش نے سردی کی نوید سنا دی شہری موسم کی تبدیلی سے بہت لطف اندوز ہوئے۔
میانوالی ، عیسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش نے سردی بڑھا دی۔ ادھر کالا باغ، ٹانک، شانگلہ، کوہستان اور بٹگرام میں بھی رم جھم کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔