ملک بھر سے آئی ہوئی ہزاروں خواتین کا نیک آباد گجرات میں نظام مصطفی کیلئے میدان عمل میں آنے کا اعلان

گجرات اسلام آباد: دشمنان دین اسلامی اقدار پر حملہ آور ہو چکے ہیں، مسلمانوں میں غیر اسلامی اقدار اور کافرانہ تہذیب پھیلاکر اُن کی دنیا وآخرت بر باد کی جارہی ہے۔ اس موقع پر مسلم خواتین اسلام کی حفاظت و ترویج اور انقلاب نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار خانقاہ نیک آباد (مراڑیاں شریف) گجرات کے سجادہ نشین اورتنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر حضرت پیر محمد افضل قادری نے تنظیم اہلسنت خواتین کے سالانہ دینی اجتماع اور قادریہ عالمیہ یونیورسٹی خواتین کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں اندرون ِ ملک وبیرونِ ملک سے آئی ہوئی ہزارہا خواتین کے تاریخی اور باپردہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ملک بھر سے آئی ہوئی ہزاروں خواتین نے ملک میں نفاذ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے میدان عمل میں آنے کا اجتماعی عہد کیا۔ اجتماع میں قادریہ عالمیہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے اس سال فارغ ہونے والی 1533عالمات ،فاضلات ، حافظات ودیگر طالبات کو اسناد جاری کی گئیں جبکہ ہزاروں خواتین نے طریقہ قادریہ میں پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری کی اجتماعی بیعت کی۔

اجتماع سے محترمہ غلام فاطمہ، محترمہ ریحانہ کوثر قادری، محترمہ رضوانہ قادری، محترمہ عرفانہ قادری، محترمہ پروین اشرف، محترمہ شازیہ قادری، محترمہ نثار سبحانی، محترمہ شگفتہ قادری، محترمہ آمنہ افضل و دیگر نے اظہار خیال کیا۔ قرار دادوں کے ذریعے ہزارہا خواتین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے پاکستان میں نظام مصطفیۖ کے نفاذ، انسداد عریانی فحاشی، میڈیا کیلئے حدود قیود کی پابندی، مخلوط نظام تعلیم کے خاتمہ اور مسلم ملک میں مسلم خواتین کیلئے اسلامی لباس کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ قادریہ عالمیہ یونیورسٹی خواتین اورتنظیم اہلسنت خواتین کی سربراہ محترمہ ریحانہ کوثر قادری نے خواتین کو شہر شہر قریہ قریہ درس قرآن وحدیث اورمحافل ذکر قائم کرنے کی تلقین کی اور فارغ التحصیل عالمات فاضلات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں دینی مدارس قائم کریں اور اپنے خاندانوں کو خصوصاً اور عموماً تمام مسلمانوں کو جہنم سے بچانے اور جنتی بنانے کیلئے پورے دینی درد وجذبہ کیساتھ صحابیات رضوان اللہ علیہن اور قرون ِ اولیٰ کی بلند کردار خواتین کا کردار پیش کریں۔

انہوں نے ملک بھر سے آئی ہوئی خواتین کو اللہ تعالیٰ کی عبادت، رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت واطاعت، والدین وشوہر کیساتھ حسن سلوک، حقوق اللہ وحقوق العبادکی ادائیگی، سچ بولنے، تقویٰ حسن معاشرت نماز روزہ اسلامی پردہ کی پابندی کی تلقین کی اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین معاشرہ میں خیر پھیلائیں گھروں کو جنت نظیر بنائیں اور اپنی اولاد کی شاندار دینی تربیت کر کے ملک وملت کی سربلندی کیلئے کردار ادا کریں۔ اس موقع پر قادریہ عالمیہ یونیورسٹی کی ساری ٹیم کو اعلیٰ کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملک وملت کی بہتری وسلامتی کیلئے رقت آمیز اجتماعی دعا کی گئی۔