لاہور (جیوڈیسک) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک سے عالمی قوت کی بالا دستی کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
متحدہ مجلس عمل کے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جو یہاں پر جلسے کر کے 10 ہزار کو ایک لاکھ کہہ رہے تھے، وہ یہ جلسہ دیکھ لیں، مینار پاکستان ان لوگوں کے جھوٹ کی گواہی دے رہا ہے۔
ایم ایم اے کے سربراہ نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے ذریعے ہمیں جکڑا جا رہا ہے، آج امت مسلمہ لہو لہو ہے، یہ سب امریکا اور مغربی طاقتوں کی سازش ہے، ہماری معیشت پر آئی ایم ایف کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے اور ہمارا بجٹ آئی ایم ایف کی بنائی ہوئی ڈیسک تیار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے عالمی قوت کی بالا دستی کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں جب کہ آنے والا الیکشن مذہب سے بیزار لوگوں کو نہیں دینا۔
امیر جماعت اسلامی اور ایم ایم اے کے رہنما سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد کسی کو جہیز میں نہیں ملا، جہاں ہمیں حکومت نہیں مل سکتی، اس مجمع کو دیکھ کر شاید کچھ لوگ سیاست چھوڑ دیں، بادشاہی مسجد کے مینار اور مینار پاکستان آج ہمیں کہہ رہے ہیں کہ نیا نہیں بلکہ اسلامی پاکستان دو۔
ایم ایم کی قیادت نے سیاسی حریفوں کو باور کرایا کہ لوٹ مار کے خاتمے کا وقت آچکا ہے، اب عوام کا فیصلہ چلے گا، ایم ایم اے صرف ایک اتحاد نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت کے طور پر انتخابات میں اترے گی۔