لندن (جیوڈیسک) کاؤنٹی کرکٹ میں آف اسپنر سعید اجمل کی عمدہ کارکردگی گوروں کو ہضم نہیں ہوئی، میچ وننگ پرفارمنس کے بعد بولنگ ایکشن پر شکوک ظاہر کرنا شروع کر دیے۔ انگلش پیسر اسٹورٹ براڈ کے ٹویٹ پر پاکستانی اسپن بولر بھی بھڑک اٹھے، پاکستان اور انگلش بورڈ کے توسط سے وضاحت طلب کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سعید اجمل نے ایسیکس کیخلاف کائونٹی چیمپئن شپ میں 13 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم ووسٹرشائر کو کامیابی سے ہمکنار کیا مگر اب ان کیخلاف ٹویٹر پر پروپیگنڈہ شروع کر دیا گیا ہے۔
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے اسپنر کے بولنگ ایکشن کی ایک تصویر اپ لوڈ کی اور ساتھ میں کیپشن دیا کہ آپ کو 15 ڈگری تک ڈلیوری کی اجازت ہے جس پر براڈ نے تبصرہ کیا کہ یہ بھی کوئی جعلی تصویر ہو گی؟ پھر دوسرا ٹویٹ کیا کہ ’جب لیب میں تجزیہ ہو رہا ہوتا ہے تو بولر مختلف انداز میں بولنگ کرتے ہیں اور میدان میں وکٹیں لینے کیلیے الگ انداز ہوتا ہے۔
اس پر سعید اجمل بھڑک اٹھے، وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ براڈ کے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ ان کا میچ صورتحال میں ایکشن لیب میں تجزیے کے دوران سے مختلف ہے، یہ اشارہ دیا گیا کہ ان کی بولنگ قانونی حدود میں نہیں ہے، انھوں نے اپنے ایجنٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میںپی سی بی کے ساتھ انگلش بورڈ سے بھی بات کرکے وضاحت طلب کریں۔واضح رہے کہ براڈ ای سی بی سے زیر معاہدہ ہیں جس کی رو سے وہ کسی بھی پلیئر کے بارے میں عوامی سطح یا پلیٹ فورم پر تبصرہ نہیں کر سکتے، کوڈ کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر انھیں سزا بھی ہو سکتی ہے۔