کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پر وقار تقریب دارالعلوم جعفریہ راجن شاہ میں 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مستحقین خاندانوں کے جوڑوں کے علاوہ معززینِ علاقہ نے بھر پور شرکت کی جس میں مولانا ضیغم عباس میرانی ، پروفیسر خادم حسین لغاری ، سید محمد سلیم عابدی ، سید نیر عباس شاہ ایڈووکیٹ ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ، مولانا سید امیر حسین شاہ نقوی ، مولانا مختار عمرانی ، سید منور شاہ ، سعادت خان جسکانی ، ربنواز خان گشکوری نے شرکت کی۔
تقریب کے میزبان علامہ سید عامر عباس ہمدانی پرنسپل دارالعلوم جعفریہ نے اس موقع پر کہا کہ مستحقین اجتماعی جوڑوں کی شادیاں اجرِ عظیم ہیں۔ جس سے غرباء اور مساکین افراد کی مدد کے ساتھ ساتھ رشتوں کے بندھن میں منسلک ہونے والے جوڑوں کو پاکیزہ زندگی اور حضور پاک کی تعلیمات پر عمل کر کے یہ کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی بااثر شخصیات ایسے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ آخر میں تمام شرکا کیلئے دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا گیا اور جہیز تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر الحسینی فائونڈیشن کی جانب سے مہمان خصوصی سید محمد سلیم عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیندہ بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔