اسلام آباد (جیوڈیسک) مریم نواز نے احتساب عدالت کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو سچ کا پتہ چلنا چاہیے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ احتساب عدالت کی کارروائی کو براہ راست نشر کیا جائے تا کہ سچ سامنے آ سکے۔
اپنے ایک دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ نواز شریف کے خلاف پورا مقدمہ ’واٹس ایپ ‘پر تیار ہوا جس کا کوئی ’رکارڈ‘ نہیں، واہ !
اس سے قبل احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کو پھانسی دینے کی روایت، جلا وطنی اور مقدمات کی باتیں اب ختم ہونی چاہئیں۔
یاد رہے مریم نواز نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ واٹس ایپ زدہ جے آئی ٹی کا پہلے طے شدہ ایجنڈے کے تحت ایک کمرے میں بیٹھ کر رپورٹ تیار کرنا آسان ہے، مگر عدالتوں میں ان چالاکیوں کا دفاع کرنا ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین چند دن انتظار کریں، واجد ضیا خود ہمارے حق میں گواہی دے کر جائیں گے، جھوٹ کی عمر چھوٹی ہوتی ہے۔