کراچی(جیوڈیسک)سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کو جھوٹا قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے ان کے دورمیں امن وامان بہتر تھا تو انھوں نے سندھ میں گورنرراج اورکراچی میں آرمی آپریشن کیوں کیا۔
کراچی میں ایک نجی اسکول کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے میاں نواز شریف پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف ڈکٹیٹر سے معاہدہ کرکے ملک سے فرار ہوئے اورکہا کہ انھوں نے کوئی معاہدہ نہیں کیا بعد میں حقیقت سامنے آئی۔ 1990 میں آئی جے آئی بنانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے پیسے لے کر معاہدہ کیا ان کا سیاسی کیریئر جھوٹ اور دونمبرکاموں سے بھرا پڑا ہے۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عدالت حکومت کو مشورہ دے رہی ہے کہ لوگ امام ضامن باندھ کر گھروں سے نکلیں۔ حکومت انھیں تحفظ فراہم نہیں کرسکتی میں عدالت کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ یہ اشتہار دے کہ وہ دہشت گردوں کو سزا نہیں دے گے۔