اسلام آباد(جیوڈیسک)پرویزمشرف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر آج بھی وکلا نے ان پر حملے کی کوشش کی تاہم مشرف کو حصار میں لیے درجنوں رینجرز اہلکاروں نے انہیں بچائے رکھا مشرف سخت سیکیورٹی حصار میں اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت میں پہنچے، احاطہ عدالت میں داخل ہونے پر وکلا نے پرویز مشرف کے خلاف نعرے لگائے۔
بلٹ پروف جیکٹ پہنے پر ویز مشرف کے گاڑی سے اترنے سے پہلے تمام علاقہ خالی کرایا اور گاڑی سے کمرہ عدالت تک رینجرز اہل کار شانے سے شانہ جوڑے کھڑے ہوگئے ، درجنوں اہل کاروں کے درمیان مشرف کوثر عباس زیدی کی عدالت میں پہنچے، رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں پرویز مشرف کی سیکیورٹی کیلئے موجود رہے ،دوران سماعت وکلا نے نعرے لگائے تو انہیں جج نے خاموش کرادیا۔
سماعت کے بعد وکلا نے پر ویز مشرف کی جانب لپکنے کی کوشش کی اور ان کی سیکیورٹی اہل کاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی،جس انداز میں پر ویز مشرف عدالت میں آئے تھے اسی طرح سیکیورٹی حصار میں عدالت سے باہر آئے اور پھر انہیں پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔
پر ویز مشرف کے عدالت چھوڑتے ہی سیکیورٹی بھی چھٹ گئی اورپر ویز مشرف کے حامیوں کی شامت آگئی ، پہلے وکلا نے نعروں سے پر ویز مشرف کے حامیوں کا مقابلہ کیا اور پھر ہتھے چڑھنے والے ایک دو حامیوں کی بری طرح پٹائی لگادی۔