لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس لاہور میں ہوا، جس میں ٹی وی رائٹس، فاسٹ بولر محمد عامر کے مستقبل کے ساتھ نئے کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی غور کیا گیا، بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے تحت وہ کام کرتے رہیں گے۔ گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ اسلا م آباد ہائیکورٹ کے حکم کے تحت تمام فیصلے کرسکتے ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز جانے کیلئے انہوں نے تمام تر فیصلے بورڈ اراکین پر چھوڑے، جن کے مشورے کے بعد اب وہ ویسٹ انڈیز جائیں گے تاکہ کرکٹ کے معاملات دیکھ سکیں۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ وہ کرکٹ کے ضیا الحق نہیں بنیں گے، 90 دنوں میں انتخابات کرائیں گے۔ انہوں نے آئندہ مالی سال کا سخت بجٹ بنانے کا عندیہ بھی دیا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیا کوڈ آف کنڈکٹ بنانے پر غور کیا گیا ہے، فاسٹ بولر محمد عامر کے مستقبل پر بھی گفتگو کی گئی ہے جبکہ ذرائع رائٹس کیلئے پی سی بی نے سابق آئی سی سی صدر احسان مانی کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔