وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) میں عدالت کے حکم پر زیر حراست ملزم کا نکاح پڑھوایا گیا۔احمد نگر چٹھہ پولیس نے چار ماہ قبل نواحی علاقہ ورپال چٹھہ سے اجتماعی ریپ کے الزام میں 5 ملزما ن ذیشان، اقبال، طارق ،ہاشم اورعدنان کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا تھا۔
انہی میں شامل ایک نوجوان ذیشان کے ساتھ لڑکی مدیحہ کی طرف سے شادی کی خواہش پر ایڈیشنل سیشن جج وزیرآبادرفعت سلطان شیخ نے سرکاری نکاح خواں قاری اسد اﷲ کو بلا کر بخشی خانہ میں بنددفعہ 337 ت پ کے ملزم ذیشان کا ساتھ مدیحہ کا نکاح پڑھوا دیا۔
دولہا سلاخوں کے پیچھے جبکہ دولہن باہر موجود تھی ۔ مدیحہ نے اس موقعہ پر بیان دیا کہ اس کیساتھ کسی نے زیادتی نہیں کی وہ اپنی مرضی سے ذیشان کو ملنے گئی اورمقدمہ بے بنیاد ہے۔
مدیحہ نے اس موقعہ پر بتایا کہ اس کی جان کو خطرہ ہے جس پر پویس اہلکاروںکی موجودگی میں اس کا نکاح کروایا گیا۔ حق مہر میں دولہا کی طرف سے دو مرلہ کا مکان دولہن مدیحہ کو دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ اندراج کیا گیا۔
نکاح کے بعد دولہن سسرالیوں کے ساتھ چلی گئی اس موقع پر بخشی خانہ میں موجود دیگر قیدیوں اور پولیس عملہ نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھنے والی جوڑی کو مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔