حوثی عدالت کا صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم

Abdrabbuh Mansur Hadi

Abdrabbuh Mansur Hadi

یمن (جیوڈیسک) یمن میں‌ حوثی باغیوں کی قائم کردہ نام نہاد ایک عدالت نے صدر عبد ربہ منصور ھادی، وزیر اعظم معین عبدالملک اور وزیرخارجہ خالد الیمانی کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

حوثیوں کے زیرانتظام خبررساں ایجنسی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ایک فوج داری عدالت نے آئینی صدر عبد ربہ منصور ھادی، وزیراعظم معین عبدالملک اور وزیرخارجہ خالد الیمانی کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ اندرون اور بیرون ملک موجود جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تینوں رہ نمائوں پر غیرمعمولی خیانت کرنے اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام عاید کیا ہے۔

حوثیوں کی طرف سے فوج داری عدالت کے قیام کے بعد حالیہ عرصے میں آئینی حکومت کے کئی افراد کو موت کی سزائیں سنائی گئیں۔

انسانی حقوق کے اداروں کی طرف سے حوثیوں کی قائم کردہ نام نہاد عدالت اور اس کے فیصلوں کے غیرانسانی قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حوثی باغی عدالت کی آڑ میں آئینی حکومت کے حامیوں کو انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں۔