عدالت اسلحہ کنٹینرز معاملے کی مکمل تحقیقات کرائے، بابر غوری

Babar Ghauri

Babar Ghauri

کراچی (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری نے کہا ہے کہ مجھ پر ہزاروں نیٹو کنٹینرز باہر نکالنے کا الزام ہے، کوئی بھی وزیر ایک کنٹینر بھی باہر نہیں نکال سکتا، کنٹینرز کی کلیئرنس ایف بی آر دیتا ہے، عدالت اسلحہ کنٹینر معاملے کی مکمل تحقیقات کرائے، جو بھی تحقیقات ہوں گی سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں۔ کراچی میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر خان غوری نے کہا ہے کہ مجھ پر الزام ہے کہ 19 ہزار نیٹو کنیٹنرز باہر نکالے، کوئی وزیر ایک کنٹینر بھی باہر نہیں نکال سکتا، کنٹینرز کی کلیئرنس ایف بی آر دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی رینجرز کے ترجمان نے اسلحہ سے متعلق اپنے بیان کی تردید کردی، اگر یہ معاملہ عدالت میں ہے تو اپنے وکیل کے ذریعے قانونی کارروائی کروں گا، میری سمجھ میں نہیں آتا مجھ پر کیوں الزام لگایا جارہا ہے، عدالت اسلحہ کنٹینرز معاملے کی مکمل تحقیقات کرائے، جو بھی تحقیقات ہوں گی اس کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں۔ بابر غوری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔

ہم سب کی عزت کرتے ہیں، مخالفین کو چاہئے کہ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کریں، ہم نے کبھی منفی سوچ کی بات نہیں کی، ہم پاکستان کی بات کرتے ہیں، کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، سکھر اور نوابشاہ سمیت پاکستان کے مظلوم عوام کو دیوار سے نہ لگایا جائے۔