لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ این اے 120 کی کامیابی ہماری تاریخ کا سنہرا ورق بن چکی ہے، آپ نے وقت کی عدالت میں انصاف کی گواہی دی ہے، دل کرتا ہے اپنے ہر ووٹر کا ماتھا چوموں، گلے سے لگاؤں، ووٹروں نے مسلم لیگ کا مان رکھا ہے، اگر یہی جذبہ رہا تو پاکستان کی ستے خیراں ہیں، آپ کے ووٹ کا تقدس بحال ہو گا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان آگے بڑھے گا، پچھلی روایتیں دم توڑ جائیں گی، میں نے سنا ہے کہ این اے 120 کے الیکشن میں “یہ جو کالا کوٹ ہے، میاں تیرا ووٹ ہے” کا نعرہ لگا، وکیل بھائیو! میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، سرخرو ہوں گے، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا کر دیا، ہم سے پہلے کسی حکومت نے ایسا وعدہ پورا کیا؟
نواز شریف نے کارکنوں سے سوال کیا کہ جو بھی کروں گا، میرا ساتھ دو گے؟ وعدہ کرو میرے سنگ چلو گے۔ نواز شریف نے تقریر کے آخر میں مولانا ظفر علی خان کا شعر بھی سنایا، بولے ہیں نئی روش کی عدالتیں اور نرالے ہی ڈھب کے فیصلے نہ نظیر ہے، نہ دلیل ہے، نہ اپیل ہے، نہ وکیل ہے