کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ صفورہ کے گرفتار ملزم طاہر کی جانب سے سامنے آنے والے انکشافات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسماعیلی برادری نے کہا ہے کہ پولیس ا دارہ کرپشن سے پاک ہوتا اورعدالتیں غیر جانبداری و سیاسی تسلط سے پاک رہتے ہوئے انصاف کررہی ہوتیں تو طاہر حسین پہلے جرم کے بعد رہا نہ ہوتا اور نہ ہی سانحہ صفورہ رونما ہوتا۔
اسماعیلی کمیونٹی کے معروف سماجی رہنما و گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے عبدالعلی بھائی ‘حاجی امیر علی خواجہ ‘ نور علی میگھانی ‘سلیم پنجوانی ‘عبداللہ سچوانی ‘وزیر علی سولنگی ‘ پرویزمیگھانی اور برکت علی سولنگی کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان ملک سے مخلص ‘ حکمران ذمہ دار ‘ سیکورٹی اہلکار دیانتدار اور منصف غیر جانبدار ہوجائی تو ملک میں نہ تو دہشتگردی پنپ سکتی ہے۔
نہ ہی مجرم جرم کرنے یا اس کے بعد بچنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں مگر بوجوہ ایسا نہیں ہے جبکہ آزاد عدلیہ نے بھی انصاف کی فراہمی اور غیر جانبداری کے حوالے سے عوام کو مایوس کیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف دہشتگردی و جرائم فروغ پارہے ہیں بلکہ انصاف سے محروم استحصال زدہ عوام میں بھی مایوسی پھیل رہی ہے۔