ایک سال پہلے عدالتوں کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا تھا، سابق چیف جسٹس

Iftikhar Mohammad Chaudhry

Iftikhar Mohammad Chaudhry

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک سال پہلے عدالتوں کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا تھا، مگر انتظامیہ بادشاہ ہے کچھ نہیں کیا۔

سابق چیف جسٹس پمز اسپتال اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے ایف ایٹ کچہری حملے میں زخمی ہونے والے وکلاء کی عیادت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ایٹ کچہری حملہ اداروں کی ناکامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی تحقیقاتی کمیٹیاں بنی لیکن کوئی نتائج سامنے نہیں آئے۔ افتخارمحمد چودھری کا کہنا تھا کہ ججز اور وکلاء کی سیکیورٹی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں۔

اس سے پہلے سابق چیف جسٹس آف پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایف ایٹ کچہری واقعہ میں جاں بحق افراد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ عدلیہ کو سرنگوں کرنے کی کوشش ہے۔