پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں چرچ پر حملے کیخلاف خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جارہا ہے، وزرا اور مسیحی برادری کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پتھراو کیا گیا جبکہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔ پشاور میں خیبر پختونخوا کے وزرا اور احتجاج کرنے والی مسیحی برداری کے مذاکرات ناکام ہوگئے۔
جبکہ مسیحی برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ گرجا گھروں میں پولیس کی بجائے فوج تعینات کی جائے۔ مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پتھراو کیا گیا جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دوسری جانب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔ خود کش حملوں کے خلاف احتجاج کے باعث پشاور کے جی ٹی روڈ، جیل روڈ، ملک سعد فلائی اور ٹریفک کیلئے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ خیبر بازار اور خیبر روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔