قرضے لے کر بجلی پر سبسڈی نہیں دے سکتے: اسحاق ڈار

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) اے ڈی بی جامشورو منصوبہ مکمل کرنے کیلئے پاکستان کو 90 کروڑ ڈالر دے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں قرضے لے کر بجلی پر سبسڈی نہیں دے سکتے۔ موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے تک بجلی کی پیداوار میں 8 ہزار میگا واٹ تک اضافہ ہو گا۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا جامشورو منصوبہ مکمل کرنے کیلئے پاکستان کو نوے کروڑ ڈالر دے گا۔ اس سلسلے میں معاہدہ آج اسلام آباد میں طے پایا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نرگس سیٹھی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت بنک پاکستان کو جامشورو بجلی گھر کے چھ سو ساٹھ میگا واٹ کے دو یونٹ مکمل کرنے میں مدد دے گا جو در آمدی کوئلے سے بجلی پیدا کریں گے۔

یہ منصوبہ چار سال میں مکمل ہو گا۔ تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جامشورو منصوبے سے تیل کے در آمدی بل میں 50 کروڑ ڈالر کمی ہو گی۔ موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے تک بجلی کی پیداوار میں 8 ہزار میگا واٹ تک اضافہ ہو گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ‫وزیر اعظم نے گڈانی میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

کوشش ہے کہ آئندہ تین سے چار سالوں میں سستی بجلی پیدا کرنے کی طرف منتقل ہو جائیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی منصوبوں کیلئے 3 ارب ڈالر مہیا کریگا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ تیل سے کوئلے پر منتقل ہونے سے بجلی ایک تہائی سستی ہو جائے گی۔