کرکٹ بورڈ کے ایکشن میں آنے کے بعد شکیب الحسن کے مزاج ٹھکانے پر آگئے

Shakib Al Hasan

Shakib Al Hasan

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن کے مزاج ٹھکانے پر آگئے، آل رائونڈر پابندی ختم کرنے کیلیے منت سماجت پر اتر آئے۔

اپیل دائر کرنے کے ساتھ عوامی سطح پر اپنے خراب رویے پر معافی مانگتے ہوئے آئندہ ’اچھا بچہ‘ بن کر رہنے کی یقین دہانی بھی کرادی۔ تفصیلات کے مطابق آل رائونڈر شکیب الحسن کا شمار بنگلہ دیش کے انتہائی باصلاحیت کرکٹرز میں ہوتا ہے، اسی وجہ سے ان کا رویہ گذشتہ کچھ عرصے سے کافی بدل گیا تھا آئے روز وہ نت نئے تنازعات میں الجھتے ہوئے دکھائی دیے۔

گذشتہ دنوں انھوں نے نئے کوچ ہتھوراسنگھے سے بھی بدتمیزی کی اورکیریبیئن پریمیئر لیگ سے واپس بلائے جانے کی صورت میں انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ دینے کی دھمکی دی جس پر بورڈ نے انھیں سبق سکھاتے ہوئے 6 ماہ کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ آئندہ برس کے اختتام تک کیلیے کسی بھی غیرملکی لیگ کیلیے این او سی جاری نہ کرنے کا اعلان کیا۔

جس سے شکیب کا مزاج درست ہو گیا، بی سی بی کے صدر نظم الحسن سے بند دروازوں کے پیچھے معافی تلافی کے بعد گذشتہ روز وہ اپنی پابندی کیخلاف اپیل جمع کرانے بورڈ ہیڈکوارٹر گئے جہاں پر میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ اگر بی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو میرے رویے سے شرمندگی ہوئی تو میں پورے خلوص دل سے معذرت چاہتا ہوں۔

انھوں نے تسلیم کیا کہ چند مواقعوں پر ان کا رویہ بالکل بھی اچھا نہیں تھا، انھوں نے شائقین سے بھی اپنے خراب رویے کی معافی مانگی اور کہا کہ مستقبل میں میں زیادہ بہتر رویے کا مظاہرہ کروں گا۔ شکیب نے مزید کہا کہ میں کرکٹ سے دور نہیں رہ سکتا، میرا مستقبل بی سی بی کے ہاتھوں میں ہے، اس جگہ سے میرا جذباتی ناطہ ہے۔