کرکٹ بورڈ نے سلمان اور آصف کو ہری جھنڈی دکھا دی

Salman, Asif

Salman, Asif

ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے سلمان بٹ اور آصف کو ہری جھنڈی دکھا دی۔ ان کے مطابق دونوں نے اصلاحی پروگرام مکمل ہی نہیں کیا تو سہولت کیسے مل سکتی ہے؟ عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا پروانہ دلانے کیلیے درخواست آئندہ ہفتے دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اینٹی کرپشن کوڈ میں تبدیلی کے ساتھ ہی پاکستان نے فکسنگ کے جرم میں پابندی کے شکار عامر کو کلیئر کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں،اس سلسلے میں آئندہ ہفتے اینٹی کرپشن یونٹ کو باقاعدہ درخواست دی جائے گا۔

عامر، آصف اور سلمان بٹ کی پابندی کی مدت آئندہ برس ستمبر تک ختم ہورہی ہے لیکن قوانین میں نئی تبدیلی سے کھلاڑیوں کو قبل از وقت ڈومیسٹک کرکٹ میں آنے کی اجازت مل سکتی ہے، پی سی بی یہ رعایت صرف عامر کے لیے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

آئی سی سی میٹنگ میں شرکت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ اب گیند ہمارے کورٹ میں ہے، جیسے ہی کوڈ میں ترمیم اور اس کی منظوری ہوئی ہم نے عامر کو کلیئر کرانے کیلیے پیپر تیار کرنا شروع کر دیے، اگلے چند روز میں یہ اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ کو بھیج دیا جائے گا اور وہی اس پر فیصلہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم عامر کے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام سے مطمئن ہیں، انھوں نے اس سارے معاملے میں کافی تعاون کیا، ہمیں امید ہے کہ 26 جنوری کو ہونے والی اگلی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں عامر کے بارے میں فیصلہ آجائے گا۔

اس موقع پر شہریار خان نے سلمان بٹ اور آصف کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے واضح طور پر کہہ دیا کہ وہ اس رعایت سے مستفید نہیں ہوسکتے۔ چیئرمین نے کہا کہ باقی دونوں پلیئرز نے کیے پر ندامت ظاہر کی نہ ہی دوسرے کھلاڑیوں کو اس لعنت سے بچانے کیلیے سامنے آئے جیسا کہ عامر نے اس کیس میں کیا، اس کا کیس سلمان بٹ اور آصف سے محتلف ہے، ہم نے باقی دونوں کھلاڑیوں کو بتادیا کہ جب تک ان کا اصلاحی عمل مکمل نہیں ہوتا انھیں یہ رعایت نہیں مل سکتی۔