کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ہماری کرکٹ کی معیشت اچھی ہو اور ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں یہاں سے واپس نہیں جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور وہاں کا روایتی گھنٹہ بجا کر دن کی ٹریڈنگ کا آغاز کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ اسٹیڈیمزاور کرکٹ کے اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی ہمیں بتائے کہ ہم کس طرح اوپر جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کرکٹ کی معیشت کو ترقی دینا ہے، اس وقت آئی سی سی کی فنڈنگ پر ہماری کرکٹ چل رہی ہے اور ہمارے مقامی سرمایہ کاروں کی حصہ داری کم ہے، اس لیے ملکی کرکٹ آئی سی سی پر انحصار کرتی ہے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں آپ کرکٹ کی معیشت بڑھانے میں حصہ لیں، ہمارے پڑوسی ملک میں سرمایہ کاری سے کرکٹ بہت آگے نکل گئی ہے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں واپس جانے سے دو چیزیں سیکھی ہیں، اگر آپ کی ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، اگر کرکٹ معیشت اچھی ہو تو بھی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے،کوشش کر رہے ہیں کہ بہترین ٹیم میدان میں اترے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچز اور گراس روٹ کرکٹ کا بہت برا حال ہے، آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہوں گی، جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی۔