اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے کشمیر پریمیئر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت روکنے کی بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کرکٹ پربھارت کی سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیری نوجوانوں کو ڈریسنگ روم میں بڑے ناموں کے ساتھ بیٹھنے سے محروم کرنا افسوسناک ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینےکا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہو گا۔