لندن (جیوڈیسک) ایم سی سی نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کا مطالبہ کردیا، کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ ورلڈ کپ میں 10 کے بجائے 12 ٹیموں کو کھلانے پر بھی زور دیا گیا ہے، چار روزہ ٹیسٹ کوئی حمایت حاصل نہیں کرپایا، نئے فیلڈنگ قوانین کی بھی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کا 2روزہ اجلاس ختم ہوگیا جس میں کئی اہم معاملات کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی کو سفارشات پیش کردی گئیں۔ کمیٹی نے تمام گورننگ باڈیز پر زور دیا کہ وہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرانے کیلیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کیں، کھیلوں کے عالمی میلے میں مینز اور ویمنز دونوں مقابلے شامل ہونے چاہئیں۔ کرکٹ کمیٹی نے آئی سی سی سے بھی کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنا موقف تبدیل کرے، کرکٹ کے اولمپکس کا حصہ بننے سے اس کے عالمی فروغ میں مدد ملے گی اورنئے ناظرین بھی میسر آئیں گے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ بہت سے ممالک میں صرف اولمپکس میں شامل اسپورٹس کی مقامی باڈیز کو فنڈنگ ہوتی ہے، کرکٹ کے آئی او سی کا ممبر بننے سے مذکورہ ممالک میں کھیل کو فروغ دینے کیلیے وہاں کی حکومت سے فنڈز سے بھی حاصل ہوسکیں گے۔ کرکٹ کمیٹی نے آئی سی سی پر زور دیا کہ وہ 2019 اور 2023 کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کو 10 ٹیموں تک محدود کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے،ایونٹ میں 12 ٹیمیں شامل ہونی چاہئیں، آخری چار ٹیموں کے لیے رینکنگ میں نچلی درجے کے مستقل ممبران اور ٹاپ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ راؤنڈ کرایا جائے۔
ایم سی سی کی جانب سے انگلش ویمنز سپر لیگ کے انعقاد کے فیصلے میں دلچسپی ظاہر کی گئی جبکہ آسٹریلیا میں ویمنز بگ بیش پر بھی معلومات حاصل کی گئیں۔کرکٹ کمیٹی نے چار روزہ ٹیسٹ میں عدم دلچسپی ظاہرکی جبکہ نائٹ ٹیسٹ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر فیلڈنگ قوانین میں آئی سی سی تبدیلیوں کی بھی منظوری دی گئی۔