ڈھاکا (جیوڈیسک) اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پاکستانی پیسر محمد عامر کا کرکٹ میں جلد واپسی کا خواب پورا نہیں ہو سکے گا۔ آئی سی سی نے واضح کر دیا کہ اس حوالے سے انفرادی طور پر کوئی تجویز زیرغور نہیں البتہ جون میں جب ترمیم شدہ آئی سی سی کوڈ آئے گا تو پابندی کے خاتمے سے قبل پلیئرز کو کلب یا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے کے حوالے سے قانون موجود ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق 2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں جان بوجھ کر نو بالز کرنے والے عامر پر آئی سی سی نے 5 سالہ پابندی عائد کی تھی، پی سی سی نے انھیں کچھ رعایت دلانے کیلیے آئی سی سی سے خصوصی درخواست کی، گذشتہ برس کی سالانہ کانفرنس میں کونسل نے 5 رکنی سب کمیٹی قائم کی جو اینٹی کرپشن کوڈ پر نظرثانی کر رہی ہے۔
اس میں سے یہ بات بھی شامل ہے کہ کس طرح پابندی کے شکار کسی کھلاڑی کی کرکٹ میں واپسی شروع ہو، جیسے اگر کسی کو 5 سالہ پابندی کا شکار کیا تو کیا وہ کچھ عرصے قبل ڈومیسٹک یا کلب کرکٹ کھیل سکتا ہے تاکہ جب سزا ختم ہو تو وہ کیریئر کا احیا کر سکے، ایسا کسی مخصوص کھلاڑی کیلیے نہیں ہو رہا اس کا اطلاق موجودہ یا بعد کے تمام کیسز میں ہو گا، یہ کوڈ جون 2014 تک تیار ہو گا تاہم کب نافذ العمل ہو اس کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کیا جا سکتا، یاد رہے کہ عامر پر عائد پابندی کا آئندہ برس 3 ستمبر کو خاتمہ ہونا ہے۔