لندن (جیوڈیسک) کرکٹ کے بعد ٹینس میں بھی میچ فکسنگ کا انکشاف سامنے آگیا ہے ،برطانوی نشریاتی ادارے نے خفیہ دستاویزات کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ٹینس کے16اہم کھلاڑی ومبلڈن سمیت اہم مقابلوں میں میچ فکسنگ میں ملوث رہے ،تاہم رپورٹ میں کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کئے گئے ہیں۔
دنیا کے مہنگے ترین کھیلوں میں شمار کیے جانے والے ٹینس میں بھی اب میچ فکسنگ کی خبریں آنے لگی ہیں ، اس بات کا انکشاف برطانوی نشریاتی ادارے نے خفیہ دستاویزات کے حوالے سے کیا ہےکہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ٹینس کے 16 اہم کھلاڑیوں کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور ٹینس مقابلوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی نے بھی ان کھلاڑیوں کو مشتبہ قرار دیا تھا تاہم اس کے باوجود ان کھلاڑیوں کے کھیلنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ۔
نشریاتی ادارے کے مطابق ان مشتبہ کھلاڑیوں میں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں،کمیٹی کی جانب سے تحقیقات کا آغاز 2007 میں کیا گیا تھا جس کے دوران یہ انکشاف ہوا تھا کہ روس اور شمالی اٹلی کے شہر سسلی میں کام کرنے والے جوئے کے ادارے ایسے میچز پر ہزاروں پائونڈز کی رقم لگارہے تھے ، اُن میں سے 3 میچز ویمبلڈن میں کھیلے گئے تھے ۔
2008 ءمیں ٹینس انتظامیہ کو بھیجی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کی سفارش کی گئی تھی کہ ٹینس کے 28 کھلاڑیوں سے تحقیقات کی جانی چاہئیں ، تاہم اس رپورٹ پر عمل نہیں کیا گیا۔