اولڈ ٹریفورڈ (جیوڈیسک) بھارت نے ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف جیت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گرین شرٹس کو 89 سے شکست دے دی۔
پاکستان ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف روایت شکن نہ بن سکا، بھارتی ٹیم نے میگاایونٹ میں 7 ویں بار گرین شرٹس کو ہرا دیا، آج کی فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم 7 پوائنٹس حاصل کر کے تیسرے نمبر پر آگئی جب کہ 3 پوائنٹس کے ساتھ گرین شرٹس نویں نمبر پر ہے۔
بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت کے 302 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 40 اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز ہی بنا سکی۔
اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ہدف کے جواب میں گرین شرٹس کے بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، فخرزمان کے سوا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا، امام الحق اور فخر زمان پر مشتمل اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام رہی، امام الحق 18 گیندوں پر صرف 7 رنز بنا کر چلتے بنے، ابتدائی نقصان کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 104 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران فخر زمان نے نصف سنچری مکمل کرلی تاہم بابر اعظم 117 کے مجوعے پر 40 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، 9 رنز کے اضافے سے فخر زمان بھی چلتے بنے، انہوں نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
129 کے مجموعے پر محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ 9 اور شعیب ملک صفر پر آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 12 رنز پر بولڈ ہوگئے، عماد وسیم 46 اور شاداب خان 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے وجے شنکر، یادیوو اور پانڈیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، بھارت نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا، بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا، دونوں اوپنرز نے پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز بنائے، دونوں اوپنرز نے نصف سنچری مکمل کی تاہم لوکیش راہول 57 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ روہت شرما نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔
ون ڈاؤن آنے والے ویرات کوہلی نے جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری اسکور کی، ہاڑڈک پانڈیا 26 اور ایم ایس دھونی صرف ایک رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان ویرات کوہلی 77 رنز پر محمد عامر کا شکار بن گئے، وجے شنکر 15 اور یادیوو 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے تجربہ کار محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز کے کوٹے میں 47 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 71 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
حسن علی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 84 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے 9 اوورز میں 61، عماد وسیم نے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔
بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ اچھا تھا لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے، بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی، فخر اور بابر کی اچھی پارٹنر شپ تھی، شکست کے بعد پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ اب مشکل ہوگیا ہے، لیکن ابھی چار میچز باقی ہیں اچھا سے اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔