میلبورن (جیوڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ کے آغاز میں صرف 9 دن رہ گئے، بارہ فروری کو میگا ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں آسٹریلوی فنکار جلوے بکھیریں گے۔ کرکٹ کے عالمی میلے کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میلبورن کے سڈنی مئیر میوزک بائول میں سجائی جائیگی۔ جس میں ورلڈ کپ پلئیرز اور لیجنڈز بھی شریک ہوں گے۔
معروف آسٹریلوی گلوکارہ جیسیکا مائوبوئے اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے تیار ہیں تو ٹینا ایرینا بھی مداحوں کو اپنے سروں پر نچانے کے لیے بے تاب ہیں۔ تقریب میں نیتھینئیل اور ڈیرل بریتھ ویٹ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
ایونٹ کا مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ بھی بارہ فروری کی شب کرائسٹ چرچ میں افتتاحی تقریب منعقد کریگا۔ کرکٹ لیجنڈ رچرڈ ہیڈلی اور سٹیفن فلیمنگ بھی خصوصی شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ اس موقع پرآتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔