ورلڈکپ کا بگل بج گیا: جنوبی افریقا کا میزبان انگلینڈ کے خلاف شاندار آغاز

 England vs South Africa

England vs South Africa

لندن (جیوڈیسک) دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ‘ورلڈکپ’ کا بگل بج گیا اور میزبان انگلینڈ کی جنوبی افریقا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈپلوسی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن رائے اور جونی برسٹو نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر عمران طاہر نے برسٹو کو آؤٹ کردیا۔

فاف ڈپلوسی کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ ڈیل اسٹین کے بغیر آج انگلینڈ کے خلاف کھیلیں گے، اسٹین 80 فیصد تک فٹ ہیں اور امید ہے کہ وہ 100 فیصد تک ٹھیک ہو کر بھارت کے خلاف تیسرے میچ میں دستیاب ہوں گے۔

انگلش کپتان مورگن نے کہا کہ ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم ہونا اعزاز کی بات ہے، ٹیم توقعات کے مطابق پرفارم کرے گی۔

میزبان انگلش ٹیم جیس رائے، جونی برسٹو، جوئے روٹ، کپتان این مورگن، جوس بٹلر، بین اسٹوک، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، جوفرا آرچر اور لیام پلنکٹ پر مشتمل ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کوک، ایڈن مارکرام، کپتان فاف ڈپلوسی، راسی وین، جے پی ڈومنی، آندلے پھلکوایو، ڈیوائن پروٹرس، کگیسو رابادا، لنگی نگیڈی اور عمران طاہر پر مشتمل ہے۔

تماشائیوں کی بڑی تعداد اوول گراؤنڈ میں موجود ہے اور وہ اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں مدمقابل ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

افغانستان کے لیے یہ دوسرا موقع ہے کہ وہ ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہا جب کہ دیگر ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلادیش شامل ہیں۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں اپنے اپنے 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور 14 جولائی کو فائنل مقابلہ ہوگا۔

پاکستان اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، 7 جون کو سری لنکا، 12 جون کو آسٹریلیا، 16 جون کو بھارت، 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا۔