کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کو شدید علالت کے باعث کراچی کے ایک اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔وہ کئی سال سے بیمار ہیں تاہم ہفتے کی رات انہیں مزید ناسازی طبیعت کی وجہ سے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
حنیف محمد پھیپھڑوں کےکینسر میں مبتلا ہیں۔2013 میں پہلی مرتبہ اس مرض کی تشخص ہوئی تھی ۔ ان دنوں بھی ان کی کیموتھراپی جاری ہے ۔ان کی عمر 81 سال ہے۔
حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد کے مطابق ہفتے کی رات حنیف محمد کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا جس پر ڈاکٹرز کو انہیں آئی سی یو وارڈ میں رکھنا پڑا تاہم اتوار کو طبیعت قدرے بہتر ہونے کی بنا پر انہیں وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
ادھر وزیراعظم نواز شریف نے حنیف محمد کے علاج پر ہونے والے تمام اخراجات کے حوالے سے کہا ہے کہ انہیں وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
شعیب محمد نےحکومت سے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرنے کی اپیل کی تھی ۔
حنیف محمد نے 55 ٹیسٹ میچز میں3915رنز اسکور کئے جبکہ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 337 رنز تھا۔
انہیں طویل ترین اننگز کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہے جو 914 منٹ کا ہے۔
حنیف محمد کا ریکارڈ چالیس سال سے برقرار ہے اور ابھی تک ٹوٹ نہیں سکا ہے۔