کرائمیا کے بندرگاہی شہر سویسٹوپول کا روس سے الحاق کا اعلان

Ukraine

Ukraine

کیف (جیوڈیسک) کرائمیا کے بندرگاہی شہر سویسٹوپول جہاں روس کا بحر اسود کا بیڑہ تعینات ہے کی سٹی کونسل نے روس کے ساتھ شامل ہونے کے حق میں ووٹ دیا جس پر فوری طور پر عملدرآمد ہو گا اور یوکرائن کے ساتھ تمام مراسم منقطع کر دیئے ہیں۔

کونسل نے اپنی ویب سائٹ پر تحریر کئے جانیوالے ایک بیان میں کہا کہ اس نے روسی فیڈریشن کی رعایا کے طور پر روسی فیڈریشن کے ساتھ خود کو وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہر کی مقننہ نے مزید کہا کہ وہ اس بارے میں 16 مارچ کو مقامی ریفرنڈم کرانے کے بارے میں کرائمیا کی پارلیمنٹ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتی ہے کہ آیا روسی زبان بولنے والوں کی اکثریت والے جزیرہ نما کرائمیا کے 20 لاکھ عوام کو کریملن کے اقدار کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔

یوکرائن کی نئی مغربی حمایت یافتہ قیادت نے علاقائی قانون سازوں کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیا اور کرائمیا کی پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ روسی فوجیں صدر ولادیمیر پیوٹن کے کریملن نواز وکٹوریا نوکووچ کی برطرفی کے جواب میں روس کے ہمسایہ کے خلاف طاقت استعمال کرنے کے بارے میں گزشتہ اختتام ہفتہ پر سینیٹروں کی اجازت حاصل کرنے کے بعد سے کرائمیا پر عملی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ وہ کرائمیا کی جانب سے تاریخی چوائس کا احترام کرے گا۔ سٹیٹ ڈوما کے سپیکر سرگئی نرشکن نے کہا کہ ہم کرائمیا کے عوام کی تاریخی چوائس کا احترام کریں گے ۔ یہ الفاظ اس بات کی طرف مضبوط اشارہ ہیں کہ روسی پارلیمنٹ روس کے ساتھ شمولیت کے حق میں رائے شماری کی توثیق کرے گی۔

روسی خبر رساں اداروں کے مطابق کرائمیا کے سپیکر پارلیمنٹ ولادیمیر کونسٹنٹینوف کی قیادت میں اراکین پارلیمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہم کرائمیا کے عوام کی آزادانہ اور جمہوری مرضی کی حمایت کرتے ہیں۔