قصور (محمد عمران سلفی سے) تھانہ گنڈاسنگھ والا پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 5 کلوگرام وائٹ کرسٹل ہیروئن برآمد کر کے دو سمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے، ڈی پی او قصور کی طرف سے ایس ایچ او ایک لاکھ روپے نقدانعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان، تفصیلات کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ تھانہ گنڈا سنگھ کے علاقہ بازید پور میں دو کس ملزمان ہیروئن سمگل کر رہے ہیں۔
اگر فوری ریڈ کیاجائے تو بھاری مقدار میں ہیروئن سمیت پکڑے جاسکتے ہیں اطلاع موصول ہونے پر ڈی ایس پی سٹی محمد اکرام خان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگھ والا طارق بشیر چیمہ معہ دیگر ملازمان پر مشتمل سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ۔پولیس ٹیموں نے گائوں بازید پوراور اسکے گردونواح کی مناسب ناکہ بندی کی تو ناکہ بندی کے دوران دوکس مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جو پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے لگے تو پولیس پارٹی نے دونوں ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔دونوں ملزمان کے قبضہ سے 5 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی وائٹ کرسٹل ہیروئن برآمد ہوئی۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں 5 کلوگرام وائٹ کرسٹل ہیروئن کی مالیت ساڈھے 12 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ دوران انٹیروگیشن ملزمان نے اپنانام غفار عرف کھاری اور شفیع محمد عرف کالی بتلایا ۔تھانہ گنڈا سنگھ والا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ،ڈی پی او قصورسید علی ناصر رضوی کی طرف سے ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگھ طارق بشیر چیمہ کوایک لاکھ روپے نقدانعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔