لاہور (جیوڈیسک) وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایٹمی ممالک پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، بھارتی آرمی چیف کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے جس سے بھارت کی ایٹمی صلاحتیوں پر سوالیہ نشان اٹھتے ہیں اور بھارتی آرمی چیف کا بیان بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت پر بھی شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال سیاسی مخالفین پر بھی خوب گرجے برسے۔ انہوں نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا، بولے ایک اناڑی ڈرائیور گاڑی کو منزل تک نہیں لے جا سکتا، لہٰذا عمران خان کو ڈسکس کرنا چھوڑ دینا چاہئے، وہ تاریخ بن گئے ہیں، زرداری دور میں کروڑوں، اربوں کی کرپشن کے سکینڈلز آتے تھے جبکہ نون لیگ کی حکومت میں اربوں کے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔
قصور واقعے پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گھناؤنے جرم پر سیاست نہیں چمکانی چاہئے، واقعہ کے مجرموں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔