لندن(جیوڈیسک)ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ ہومین کہتے ہیں کہ دنیائے اسپورٹس کا ایک چوتھائی حصہ کا کنٹرول جرائم پیشہ تنظمیوں کے ہاتھوں میں ہے جو کھلاڑیوں کو بدعنوانیوں پر اکساتے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ ہومین کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں مختلف الزامات نے کھیلوں کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے اور لوگوں کے ذہنوں میں متعدد سوالات کو جنم دیا ہے جس کے نتیجے میں کھلیوں کی ساکھ داؤ پر لگ گئی ہے۔
ڈیوڈ ہومین کے مطابق امریکن سائیکلسٹ لانس آرم اسٹرونگ کی جانب سے ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال کا اعتراف کھیلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جرم ہے جس نے مقابلے کے جذبے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ فٹبال کی نگران تنظیم فیفا فٹبال سے کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کرے۔