جرائم کی بیخ کنی کی ذمہ دار پولیس ہی جرائم کی پرورش کر رہی ہے۔ جی کیو ایم

Arrest

Arrest

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا ہے کہ شہر میں اغواء برائے تاوان اور گینگ وار سے رابطوں میں ملوث پولیس اہلکاروں کی رینجرز کے ہاتھوں گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومتی کرپشن کا فائدہ ہر محکمہ اٹھا رہا ہے۔

سیاستدانوں کی طرح اب پولیس اہلکار بھی نجی جیلیں ‘ عقوبت خانے اور تھانے بنا رہے ہیں کیونکہ شہر میں قتل و غارت اور اغواءو ڈکیتی سے لیکر رہزنی و چوری اور منشیات و اسلحہ کی فروخت کے علاوہ اراضی پر قبضہ اور جسم فروشی تک سب کچھ پولیس سرپرستی میں ہو رہا ہے جس کا کچھا چٹھہ ہر روز نجی ٹی وی چینلز کے مختلف پروگراموں میں کھولا جا رہا ہے مگر کسی کے کان پر جوں رینگ رہی ہے اور نہ ہی کوئی اصلاح احوال کی جانب توجہ دے رہا ہے جو کراچی میں ایسی مقامی پولیس کے قیام کی ضرورت پر زور دے رہا ہے جو مقامی شہریوں پر مشتمل ہو۔

ہر تھانے میں اسی تھانے کے مقامی رہائشی افراد تعینات ہوں تاکہ علاقے کے ہرگھر و فرد سے واقف ہونے کی وجہ سے جرائم پر قابو پانا ان کیلئے آسان ہو اور خاندانی ناموس کی حفاظت کیلئے وہ جرائم کی سرپرستی سے اخلاقی طور پر اجتناب کریں کیونکہ مخصوص طبقات پر مشتمل غیر مقامی پولیس کراچی کو دبئی سمجھتی ہے اور ہر ذریعے سے دولت کما کر اپنے وطن بھیجنے کی روایت پر کار بند ہے۔