کریمیا میں روسی مداخلت یورپ کی سیکیورٹی کیلئے انتہائی خطرناک ہے، نیٹو

NATO

NATO

واشنگٹن (جیوڈیسک) نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندے فوگ راسموسین نے روس کی جانب سے یوکرین کے جزیرہ نما علاقے کریمیا کو ضم کرنے کے فیصلے کو واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان ہونے والی سرد جنگ کے بعد یورپ کی سیکیورٹی کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے روس کو بین الاقوامی تنہائی کی دھمکی دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیٹو کے سیکر ٹری جنرل کا واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روس کی جانب سے کریمیا کو ضم کرنے کا اقدام یورو اٹلانٹک کمیونٹی، نیٹو اور پورے یورپ کو آزاد اور پرامن دیکھنے والوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بالکنز میں 90 کی دہائی اور جارجیا میں 2008 میں حالات خراب ہوئے تھے لیکن کریمیا کی موجودہ صورت حال امریکا اور روس کے درمیان ہونے والی سرد جنگ سے کہیں زیادہ یورپ کی سیکیورٹی کو خطرہ ہے۔