اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور، عمر ریاض، ملک افضل نے کہا ہے کہ بجلی، گیس، پٹرول کے بحرانوں کے باعث حکمرانوں نے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔ موجودہ حکمران جن کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی دھمکیاں دیتے تھے ان ہی کے نقش قدم پر چل کر ملک میں تباہی اور بربادی کی جانب لے جارہے ہیں۔
ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور کرپشن سے پاک کرنے کیلئے موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات اشد ضروری ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری واپس آکر تحریک کا وہیں سے آغاز کریں گے جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے۔ اسلام آباد میں عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں بلائے گئے مشاورتی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، نعیم سلطان کیانی،عاقل ستی، میر اشتیاق، غلام علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ایک بڑی جمہوری اور عوامی قوت ہے، جس کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلسل سے جاری ہیں، آئندہ ماہ ہونے والے الیکشن بھی خفیہ رائے دہی کے تحت ہوں گے جس کی تیاریاں جاری ہیں۔