کراچی (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ دوسرے سیاستدانوں پر تنقید کرکے عمران خان اپنے دھرنے کی ناکامی کو کامیابی میں نہیں بدل سکتے۔ عمران خان کا شمار پاکستان کے بزدل ترین سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان طالبان کو دہشت گرد تک کہنے کی ہمت نہیں رکھتے۔
تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کی ایف آئی آر تک درج کرانے کی ہمت بھی ان میں نہیں ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں عمران خان کی حکومت ہے اور دہشت گرد وہاں دندناتے ہوئے جیل سے قیدی لے جاتے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے نئے پاکستان کے آغاز کا دعویٰ کرنے والے عمران خان اپنے بیٹوں کووہاں کے تعلیمی اداروں میں داخلہ دلوائیں اور وہیں گھر لے کردیں تو مانیں گے کہ ان کا دعویٰ سچ ہے۔