نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بے موسم برسات سے متاثرہ کسانوں کی مدد کے لیے بدھ کو دو اعلانات کیے۔ انھوں نے کہا کہ اخراجات پر سبسڈی حاصل کرنے کے لیے پہلے 50 فیصد یا اس سے زیادہ فصل کا برباد ہونا ضروری ہوا کرتا تھا۔ لیکن اب وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ اس معیار کو کم کرکے 33 فیصد کر دیا گیا ہے۔
یعنی اب جس کسان کی ایک تہائی فصل کو نقصان پہنچتا ہے تو اسے سبسڈی ملے گی۔20 کھرب مالیت کا مدرا بینک بھی لانچ کیا جس کو تین کھرب قرضوں کی گارنٹی ہوگی۔یہ بینک چھوٹے مالی اداروں کی مالی معاونت کرے گا۔ مودی نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کو کھیتی کی لاگت میں دی جانے والی سبسڈی میں 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے حالیہ دنوں ملک میں ہونے والی بیموسم بارش اور اولے سے کسانوں کو ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں کسانوں کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے نقصان کا اندازہ اور تخمینہ لگانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں مرکزی وزرا کی ٹیمیں بھیجی ہیں۔ مودی نے یقین دلایا کہ مرکزی او ریاستی حکومتیں، بینک اور انشورنس کمپنیاں متاثرہ کسانوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کریں گی۔
دریں اثنا مرکزی وزیر برائے زراعت رادھا موہن سنگھ نے کہا ہے کہ راجستھان میں فصلوں کو ہونے والے نقصانات کی رپورٹ حکومت کو موصول ہو گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی حکومت کی ٹیم نو اپریل کو ریاست کا دورہ کرے گی۔