میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر کی یونین کونسلز میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے یونین کونسل 58 امرت نگر 133سولہ ایل کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے ایک کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ کی منظوری پر چئیرمین چوہدرری سلامت اللہ رکھا اور وائس چئیرمین خان عبدالقیوم خان آفریدی سمیت دیگر کونسلرز و اہلیانِ علاقہ نے بھر پور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری سلامت اللہ رکھا نے کہا کہ ہم نے آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر مسلم لیگ ن کے حلقہ ایم پی اے مہر عامر حیات ہراج پارلیمانی سیکرٹری و چئیرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی کی وساطت مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور اب جماعت کی تمام مقامی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونین کونسل 58 میں بہت سے ترقیاتی کام ابھی ہونے باقی ہیں جن کی شروعات کے لئے یہ گرانٹ یقینی طور پر اہلیانِ علاقہ کی داد رسی کا سبب قرار پائے گی جس پر ہم وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور ممبرصوبائی اسمبلی مہر عامر حیات کے دلی شکر گزار ہیں۔تاہم امرت نگر کے مڈل سکول کی بطور ہائی سکول اپ گریڈیشن ،بلڈنگ کی تعمیر اور فراہمیء سٹاف اب بھی اس یونین کونسل کا فوری حل طلب مسئلہ ہے جس کے لئے ہمیں حلقہ کے ممبرانِ اسمبلی کا خصوصی تعاون درکار ہے۔