اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے سرحدپار سے فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر افغانستان سے شدید ا حتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امید ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موٴثر اقدامات کرے گی۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ہفتے کی صبح باجوڑ ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ ناوٴٹاپ پر افغانستان کے علاقے سے 200 سے زائد دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
پاکستان نے واقعے پر افغان ناظم الامور سے سخت احتجاج کیا جبکہ کابل میں پاکستانی سفیر نے بھی افغان وزارت خارجہ میں اس مسئلے کو اٹھایا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے آرٹلری اور ایوی ایشن کی مدد سے دہشت گردوں کے حملے کا بھر پور جواب دیا اور جوابی کارروائی میں صرف دہشت گردوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے افغان شہری علاقوں میں بمباری کا الزام بے بنیاد ہے۔